میسورو،22؍مئی (ایس او نیوز) بروز جمعرات یہاں میسورو ضلع پنچایت ہال میں نائب وزیر اعلیٰ کووڈ19-منسٹرئیل ٹاسک فور س کمیٹی کے چیرمین ڈاکٹر سی این اشوتھ نارائن نے میسور ضلع میں کووڈکی موجودہ صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس منعقد کیا۔ اراکین اسمبلی جی ٹی دیوے گوڈا، ایل ناگیندرا، بی ہرش وردھن، ڈپٹی کمشنر روہنی سندوری، کارپوریشن کی کمشنر شلپا ناگ، پولیس کمشنر ڈاکٹر چندر گپتا، سپر نٹنڈنٹ آف پولیس سی بی رشیانتھ اور دوسرے اعلیٰ افسروں نے بھی اس اہم اجلاس میں شرکت کی۔
ڈاکٹر اشوتھ نارائن نے بتایا کہ انہوں نے میسور ضلع کے تمام پرائمری ہیلتھ سنٹرس کو ہدایت دی ہے کہ وہ ریپیڈ آنٹی جن ٹسٹ اور آر ٹی -پی سی آر ٹسٹ جاری رکھیں تاکہ میسور میں بڑھتے ہوئے کوروناکے معاملات پر قابو پایاجاسکے۔ ضلع کے تمام اعلیٰ افسروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اس وباء کو قابو میں کرنے کیلئے کووڈ اور اسکے تعلق سے تمام ٹسٹ مکمل کرائیں اور شہری اور دیہی علاقوں میں تمام پرائمری ہیلتھ سنٹرس میں ان تمام ٹسٹوں کی کارروائی کو جاری رکھیں، اس کے علاوہ آشا ورکرس اور آنگن واڑی ورکرس کو بھی گھر گھر جاکر کورونا وائرس کے متاثرین کی نشاندہی کرنے اور انہیں کووڈٹسٹ کرانے میں مدد کریں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ضلع کیلئے درکار آکسیجن مہیا کرانے کے تمام انتظامات کئے گئے ہیں اور ضروت پڑنے پر مزید آکسیجن فراہم کیاجائے گا اور ریاستی حکومت کسی بھی علاقے میں اس وباء کو پھیلنے سے روکنے کی ہر ممکنہ کارروائی کرنے ہمیشہ تیار ہے اور کارروائی کی جارہی ہے۔میسور میں کامیابی کے بعد کیا حکومت کووڈ متراکو دوسرے اضلاع میں بھی لاگوکرنے پرغور کررہی ہے؟اس کے جواب میں ڈاکٹر اشوتھ نارائن نے بتایا کہ اس وباء کو مزید پھیلنے سے روکنے کیلئے متعلقہ محکموں کے افسروں نے مختلف طریقے اپنائے ہیں۔ ریاستی حکومت نے میسور میڈیکل کالج اینڈ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کو بلاک فنگس کے علاج کیلئے منتخب کیا ہے۔ دوائیوں کی سربراہی کیلئے جنگی پیمانے پر کوشش کی جارہی ہے۔ میسور ضلع میں دن بہ دن کورونا کے معاملات میں اضافہ کے پیش نظر میسور ضلع ابھی بھی ریڈ ذون ہی ہے۔میسور ضلع ریاست کے ان چند اضلاع کی فہرست میں شامل ہے جہاں ابھی بھی دن بہ دن کورونا کے معاملات میں دن بہ دن اضافہ ہورہا ہے۔ اسی لئے میسور ضلع میں گھر گھر جاکر کورونا سے متاثر افراد کی نشاندہی کے لئے کارروائی کی جارہی ہے اور موقع پر ہی ٹسٹ کرنے اور پازیٹیو پائے جانے پر فوراً علاج کیلئے انتظامات کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ میسور ضلع میں واقع تمام 149پرائمری ہیلتھ سنٹرس اور میسور شہر میں واقع25پرائمری ہیلتھ سنٹرس میں بھی کووڈ ٹسٹ کرانے کے انتظامات کئے گئے ہیں۔ کسی کو بھی واپس لوٹ نہ دینے ان سنٹرس کے انچارج افسروں کو سخت تاکید کی گئی ہے۔